امریکی اور ترک صدور کی ملاقات ، یوکرینی اناج کی برآمدات پر تبادلہ خیال

امریکی صدر جو بائیڈن نے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ہے اور ان سے استنبول میں اتوار کو بم دھماکے اور یوکرینی اناج کی برآمدات کے لیے بین الاقوامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماوں نے انڈونیشیا کے شہربالی میں ہونے والے جی 20 سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سے متعلق مختلف امور پربات چیت کی ہے۔ دونوں رہنماوں نے نے یوکرین سے اناج کی برآمدات کو بحیرہ اسود کے اس پارعالمی منڈیوں تک محفوظ طریقے سے بھیجنے کے بین الاقوامی معاہدے پر بھی بات کی ۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ اور ترکیہ کی ثالثی میں یوکرین سے بحیرہ اسود کی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں میں زرعی اجناس بھیجنے کا یہ معاہدہ طے پایا تھا اور اس کے تحت یوکرین پر حملہ آور روس نے اناج کوعالمی منڈیوں میں بھیجنے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سے اتفاق کیا تھا۔ عالمی منڈیوں میں اناج کی ترسیل میں یہ معاہدہ اہمیت کا حامل ہےلیکن ہفتے کے روز اس کی میعاد ختم ہونے والی ہے۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ صدربائیڈن نے بحیرۂ اسود کے ذریعے اناج کی نقل وحمل سے متعلق اس معاہدے کی تجدید کے لیے ترک صدر کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یوکرین جنگ کے دوران عالمی سطح پر غذائی تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے یہ معاہدہ کارگرثابت ہوا ہے اور یہ اقدام جاری رہنا چاہیے۔

امریکی اور ترک صدور کی ملاقات ، یوکرینی اناج کی برآمدات پر تبادلہ خیال